ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / 15دسمبر سے شروع ہوجائیں گی انٹرنیشنل فلائٹس

15دسمبر سے شروع ہوجائیں گی انٹرنیشنل فلائٹس

Sat, 27 Nov 2021 11:10:32    S.O. News Service

نئی دہلی،27؍نومبر(ایس او نیوز؍ایجنسی) طویل انتظار کے بعد اب ایک بار پھر باقاعدہ طور سے بین الاقوامی پروازیں شروع ہورہی ہیں - ذرائع کے مطابق حکومت 15 دسمبر سے مستقل بنیادوں پر بین الاقوامی پروازوں کی اجازت دے سکتی ہے- تاہم ان ممالک کیلئے پروازوں پر پابندی برقرار رہے گی جہاں کورونا وائرس کا انفیکشن اب بھی پھیلا ہوا ہے- اس سے قبل چہارشنبہ کو وزارت شہری ہوا بازی کی جانب سے بھی بین الاقوامی پروازوں کے حوالے سے بڑا اعلان کیا گیا تھا- ذرائع کا کہنا ہے کہ تقریباً 14/ایسے ممالک ہیں جو پروازیں شروع ہونے کا انتظار کر رہے تھے، کورونا کیسوں کی بحالی کے باعث ان تمام ممالک میں پابندیاں بدستور نافذ رہیں گی- ممنوعہ ممالک کی فہرست میں یورپی یونین اور کچھ دوسرے ممالک بھی شامل ہیں جہاں کورونا کا نیا ویری ئنٹ سامنے آیا ہے- حکومت کی طرف سے پہلے ہی کہا جا چکا ہے کہ اس سال کے آخر تک کووڈ کی وجہ سے پروازوں پر عائد پابندی ہٹا دی جائے گی-شہری ہوا بازی کی وزارت نے کہا کہ بین الاقوامی پروازیں شروع کرنے سے پہلے مختلف ممالک میں کورونا کے خطرے کی بنیاد پر تین کیٹگریز بنائی جائیں گی- وزارت کے مطابق، اس زمرے میں شامل ممالک کیلئے مختلف کووڈ قواعد نافذ کئے جائیں گے -آپ کو بتاتے چلیں کہ طے شدہ بین الاقوامی پروازوں پر پابندی مارچ 2020سے نافذ ہے- اب کووڈ کی صورتحال کو سمجھتے ہوئے حکومت آہستہ آہستہ پروازوں پر سے پابندی ہٹانے کا فیصلہ لے رہی ہے- دریں اثنا، سیاحت کی صنعت حکومت پر پروازوں پر پابندی ہٹانے کیلئے دباؤ ڈال رہی ہے- سیاحت کی صنعت نے ان ممالک کیلئے پروازیں شروع کرنے کی درخواست کی ہے جہاں کورونا کنٹرول میں ہے-حکومت نے اس سے قبل سیاحت کی صنعت کو فروغ دینے کیلئے 15 /اکتوبر سے سیاحوں کو چارٹرڈ طیارے کے ذریعے آنے کی اجازت دی تھی اور اس کے بعد 15 نومبر سے بین الاقوامی پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا تھا- تاہم یورپ اور کئی ممالک میں کورونا انفیکشن کے دوبارہ شروع ہونے کی وجہ سے پروازیں شروع نہیں ہو سکی تھیں -


Share: